بھٹکل:15/اگست (ایس اؤنیوز)تعلقہ بھر کے سرکاری دفاتر، اسکولوں ، کالجوں، نجی اداروں ،این جی اؤز اور عوامی سطح پر 71واں جشنِ یوم ِ آزادی بڑی دھوم دھام سے منایا گیا۔
بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر ایم این منجوناتھ نے تعلقہ اسٹیڈیم نوائط کالونی میں پرچم کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے مجاہدینِ آزادی کی قربانیوں اور مختلف واقعات پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کی صدارت کرتے ہوئے مقامی رکن اسمبلی منکال وئیدیا نے کہاکہ بھٹکل ہوناور ودھان سبھا حلقہ میں تعلیم کو زیادہ ترجیح دی گئی ہے۔ کیونکہ تعلیم سے ہی کسی بھی سماج کی ترقی ممکن ہے۔ پینے کا پانی ، جھونپڑیوں کی تعمیر ، بجلی کی سہولیات ، پکوان گیس کی سپلائی پر زیادہ زور دیتے ہوئے غریبوں کے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ریاستی حکومت کسانوں کے قرضے معاف کرتے ہوئے ان کا بھرپور تعاون کرنےکی بات کہی۔ ڈائس پر تعلقہ پنچایت صدر ایشور نائک، بلدیہ صدر محمد صادق مٹا، جالی پنچایت صدر عبدالرحیم شیخ ، تعلقہ پنچایت نائب صدر رادھا اشوک وئیدیا، اسٹانڈنگ کمیٹی چیرمن وشنو دیواڑیگا، ضلع پنچایت ممبر سندھو بھاسکر نائک، ڈی وائی ایس پی ، پی اؤ شیو کمار، مجلس اصلاح وتنظیم بھٹکل کے صدر محمدمزمل قاضیاوغیرہ موجود تھے۔ تحصیلدار وی این باڈکر نے استقبال کیا تو بی ای اؤ وینکٹیش پٹگار نے شکریہ اداکیا۔ شری دھر شیٹھ نے نظامت کے فرائض انجام دئیے ۔ تعلقہ پنچایت آفیسر سی ٹی نائک ، بلدیہ چیف آفیسر بی ایس شنکرپا، جالی پنچایت چیف آفیسر وینکٹیش ناوڑموجود تھے۔ مختلف اسکولوں ، کالجوں کے طلبا اور پولس محکمہ کی طرف سے مارچ پاسٹ اور سلامی کا منظر بہت حسین اور دلکش نظارہ پیش کررہا تھا۔